امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 51 ہوگئی

امریکا کی ریاست ٹیکساس میں آنے والے بدترین سیلاب سے ریاست کے وسطی علاقے بری طرح متاثر ہوگئے ہیں جہاں لاپتا ہونے والی 27 لڑکیوں کا سراغ تاحال نہیں لگایا جا سکا اور ہلاکتوں کی تعداد 51 ہوگئی۔خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں بدترین سیلاب سے تباہی ہوئی ہے جہاں ہفتے کو درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، کئی گاڑیں بہہ گئیں اور ہر طرف سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ملبہ بکھرا ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے لاپتا ہونے والے افراد میں 27 لڑکیاں بھی شامل ہیں جو اپنے روایتی سمر کیمپ میں نہیں پائی گئیں جہاں سیلاب نے کیمپ کی جگہ بھی تباہ کردی ہے۔ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی میں 43 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جن میں 15 بچے شامل ہیں اور دیگر 8 افراد قریبی کاؤنٹیز میں سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں۔ریاست کے حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ کیر کاؤنٹی میں دریائے کے کنارے ہونے والے کرسچن سمر کیمپ میں کیمپ میسٹکس سے بچوں سمیت اتنے سارے لوگ کیسے لاپتا ہوگئے ہیں جبکہ مذکورہ جگہ سے ہلاک افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ ٹیکساس میں دریائے گوالڈالوپ میں جمعے کو صرف 45 منٹ کے مختصر وقت میں تیز بہاؤ کے ساتھ پانی سطح 8 میٹر (26 فٹ) بلند ہوگئی ہے، جس نے گھروں اور گاڑیوں کو صفحہ ہستی سے مٹادیا۔