میکسیکو میں فائرنگ کا خونی واقعہ، بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

میکسیکو کی وسطی ریاست گواناخواتو کے شہر آئیراپواٹو میں مسلح افراد نے مذہبی تہوار کے دوران فائرنگ کر کے بچوں سمیت 10 افراد کو ہلاک کر دیا۔ مقامی حکام کے مطابق، اس خونی حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
مقامی بلدیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ ایک رہائشی گھر پر ہوا، جہاں لوگ مذہبی جشن منا رہے تھے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
صدر کلاڈیا شینباؤم نے اس واقعے کو “افسوسناک” قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ ہلاک شدگان میں بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم حملے کی نوعیت یا متاثرین کی مکمل تفصیل نہیں بتائی گئی۔
ریاستی گورنر لیبیا ڈینیسے نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
گواناخواتو، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، صنعتی ترقی اور سیاحت کا مرکز ہونے کے باوجود میکسیکو کی سب سے پرتشدد ریاست بھی مانی جاتی ہے۔ یہاں سانتا روزا ڈی لیما گینگ اور جلیسکو نیو جنریشن کارٹیل کے درمیان خونی تصادم جاری ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ریاست گواناخواتو میں 3,000 سے زائد قتل ہوئے، جو کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔
میکسیکو میں 2006 سے اب تک منشیات سے جڑے تشدد میں 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔