1910 کی ہیرے کی انگوٹھی معجزاتی طور پر جھیل کی گہرائی سے مِل گئی

ٹیکساس کی پوسم کنگڈم جھیل سے 1910 کی تاریخ والی ہیرے کی شادی کی انگوٹھی معجزاتی طور پر مل گئی ہے جسے مالک تک بھی پہنچا دیا گیا ہے۔
یہ ایک 115 سال پرانا خاندانی زیور تھا جسے جیک او لین نے اپنے بیٹے کی بیس بال ٹیم کے ساتھ تفریح کے دوران کھو دیا تھا۔ انگوٹھی جھیل کے گہرے پانی میں گر گئی تھی اور شب و روز گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ملنے امید دم توڑ دہی تھی۔
جیک او لین کے نزدیک یہ خاندانی انگوٹھی جذباتی اہمیت رکھتی تھی۔ انگوٹھی ڈھونڈنے کی ابتدائی کوشش ناکام رہی۔ اس پر بلیو ڈائیور سرچ اینڈ ریکوری ادارے کے غوطہ خور ریان نے انگوٹھی تلاش کرنے کا بیڑا اٹھایا۔
پہلے دن جھیل پر تیز ہوائیں چل رہی تھیں جس نے غوطہ خور کیلئے انگوٹھی تلاش کرنا مشکل بنا دیا تھا مگر غوطہ خور نے اپنے عہد کی پاسداری کی اور اگلے دن دوبارہ گیا جس پر انگوٹھی بالآخر مِل گئی۔
جیک او لین نے انگوٹھی ملنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں خوشی کے مارے چاند پر پہنچی ہوئی ہوں۔ بہت شکرگزار ہوں کہ یہ انگوٹھی میرے پاس واپس آگئی۔