ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں، اسرائیلی مشیر کا اعتراف

تل ابیب:اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے مشیر برائے قومی سلامتی زاچی ہنیبی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری حالیہ لڑائی کوئی ایسی جنگ نہیں ہے جو طویل مدت کے لیے ایرانی خطرے کا خاتمہ کر سکے۔
زاچی ہنیبی کے مطابق ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو مستقبل میں مزید خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے ایران کی جوابی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا، ایران اب بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔”
یاد رہے کہ اسی ہفتے زاچی ہنیبی نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو صرف فوجی کارروائی سے مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جا سکتا۔
اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فوجی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران نے اب تک سینکڑوں میزائل فائر کیے ہیں، اس کے باوجود اب بھی اس کے پاس 1500 سے 2000 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی میزائل صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کرنا ایک طویل المدتی جنگ اور متعدد عسکری مراحل کا تقاضا کرتا ہے۔