اعلامیہ کور کمانڈرز کانفرنس کی تائید کرتا ہوں، 9 مئی ملزمان کو سزا دی جائے، عمران خان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ کی مکمل تائید کرتے ہوئے سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے 9 مئی میں ملوث لوگوں کا تعین کیا جائے، امریکا میں کیپیٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔عمران خان نے سوال اٹھایا کہ سانحہ 9 مئی پر ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ کسی کو سانحہ 9 مئی کی آزادانہ انکوائری میں کوئی دلچسپی نہیں، میں کہتا ہوں کہ 9 مئی والوں کو سزا دیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی، جن کی مخصوص نشستیں نہیں بنتی تھی ان کو کیسے دی جا سکتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دیے جانا غیر آئینی عمل ہے، مشرقی پاکستان میں بھی عوام کو مینڈیٹ سے محروم کیا گیا جس کی وجہ سے ملک ٹوٹا، ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے۔