بھارت: احمد آباد میں ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 242 مسافر ہلاک

بھارت احمد آباد میں ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 242 مسافر ہلاک

احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں سوار عملے کے12 ارکین سمیت تمام 242 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کیلئے روانہ ہوئی تھی، حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، طیارے میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوا جس کے باعث 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور حادثے کے بعد احمد آباد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر 39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔
بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ہوائی اڈے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے نتیجے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ اس وقت فعال نہیں ہے، تمام پروازوں کی آمد و رفت تا حکم ثانی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں