ٹرمپ کا سابق صدر بائیڈن اور انتظامیہ پر خوب غصہ

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میموریل ڈے کے پیغام میں سابق صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ پر خوب غصہ نکال دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دن اس گند کو بھی مبارک ہو جس نے پچھلے چار سال ہماری قوم کو برباد کرنے کی کوششوں میں گزارے۔ٹرمپ نے کہا کہ اس بگڑی ہوئی انتہا پسند بائیں بازو کی ذہنیت رکھنے والوں نے 2 کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو غیر قانونی طور پر ہمارے ملک میں داخل ہونے دیا، جن میں سے بہت سے مجرم اور ذہنی مریض تھے اور یہ سب اس کھلی سرحدی پالیسی کے تحت ممکن ہوا جسے صرف ایک نااہل صدر ہی منظور کر سکتا تھا۔صدر ٹرمپ نے مزید لکھا کہ یہ سب کچھ ایسے ججوں کے ذریعے کیا گیا جو قاتلوں، منشیات فروشوں، ریپ کرنے والوں، گینگ ممبرز اور دنیا بھر کی جیلوں سے رہا ہونے والے قیدیوں کو ہمارے ملک میں لا کر دوبارہ جرائم کرنے دینا چاہتے ہیں۔اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی لکھا کہ امید ہے سپریم کورٹ اور دیگر اچھے اور ہمدرد جج حضرات ہمیں اِن درندوں کے فیصلوں سے بچائیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ چار مہینوں میں ہم نے بہت پیش رفت کی ہے اور امریکا جلد ہی دوبارہ محفوظ اور عظیم بنے گا۔