ہمیں دھمکی دی جاتی ہے کہ آپ کا ایکسیڈنٹ ہو جائے گا، علیمہ خان

اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں دھمکی دی جاتی ہے کہ آپ کا ایکسیڈنٹ ہو جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی یہاں آئے ہیں، انہوں نے ہماری فیملی کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کاز لسٹ سے نام نکلوا رہے ہیں، ان سے میں کہنا چاہوں گی کہ پیچھے سے کام نہ کریں۔ ہم بہنیں بیٹھی ہیں، ہمیں بتائیں کیا مسئلہ ہے۔ ہمارے بھائی نے آپ کو کیا کہا ہے؟۔ وہ کہہ رہا ہے کہ مجھے ساری زندگی جیل میں رکھیں میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آپ کس قسم کے لوگ ہیں؟ فرعونیت نہ کہیں تو کیا کہیں؟ آپ ممبران پارلیمنٹ کو نہ دھمکائیں۔ ہمیں دھمکی آتی ہے کہ آپ کا ایکسیڈنٹ ہو جائے گا۔ ہم نہیں ڈر رہے۔ ہمیں آج تک یہ نہیں پتا چلا کہ آپ کو ہمارے بھائی سے کیاچاہیے۔ آپ پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آ کر بیٹھیں ہم تیار ہیں۔