سعودی عرب اور امریکا نے 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کردیے

ریاض:سعودی عرب اور امریکا نے 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت سعودی عرب کو جدید جنگی آلات اور امریکی دفاعی کمپنیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔
وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران میزبان ملک نے امریکا میں 600 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے، جس میں توانائی، دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی، گلوبل انفرا اسٹرکچر اور معدنیات شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا اور سعودی عرب نے 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت سعودی عرب کو جدید جنگی آلات اور درجنوں امریکی دفاعی کمپنیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔
وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ معاہدے کے تحت 5 مختلف شعبوں میں سعودی عرب کو دفاعی برآمدات ہوں گی، جس میں فضائیہ کی صلاحیت میں جدت اور خلائی صلاحیت، میزائل ڈیفنس، میری ٹائم اور کوسٹل سیکیورٹی، بارڈر سیکیورٹی اور بری افواج کی جدت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم میں جدت لانا شامل ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ معاہدے میں سعودی مسلح افواج کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے تربیت اور تعاون کے ساتھ ساتھ سعودی سروسز اکیڈیمیز اور ملٹری میڈیکل سروسز بھی شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ معاہدہ اس بات کا مظہر ہے کہ سعودی عرب دفاع اور علاقائی سیکیورٹی میں نمایاں سرمایہ کاری کر رہا ہے جو امریکی نظام اور تربیت پر مبنی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دیگر شعبوں میں معاہدے ہوئے ہیں اور اس کا مجموعی حجم 600 ارب ڈالر سے زائد ہوگا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدوں کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔