ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ گریجویشن مکمل کرلی

ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ گریجویشن مکمل کرلی

ٹیکساس کرسچن یونیورسٹی (TCU) میں ایک دل کو چھو لینے والا واقعہ پیش آیا جب ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ گریجویشن کی ڈگری حاصل کیں۔
50 سالہ برانڈی فیلڈز اور ان کے 22 سالہ بیٹے کائل فیلڈز نے مدرز ڈے ویک اینڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں اپنی ڈگری حاصل کی۔
برانڈی نے TCU میں اسکول آف بزنس سے ایگزیکٹو ایم بی اے مکمل کیا، جب کہ کائل نے ایڈرن کالج آف لبرل آرٹس سے ماسٹر آف لبرل آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
دونوں نے ایک ساتھ اسٹیج پر جا کر ڈگری حاصل کیں اور اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے رنگ، جامنی، میں نائکی کے میچنگ جوتے پہنے تھے جو ان کی یکجہتی اور خوشی کی علامت تھے۔
برانڈی اور ان کے شوہر جو دونوں سابق فوجی ہیں، نے 2020 میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد کیلیفورنیا سے فورٹ ورتھ، ٹیکساس منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ بیٹے کائل کے قریب رہ سکیں جو پہلے ہی TCU میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
برانڈی نے اپنے بیٹے کی کامیابیوں سے متاثر ہو کر خود بھی تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کائل نے اپنی والدہ کی محنت اور عزم کو دیکھ کر مزید محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنی والدہ کو کام کے بعد ہوم ورک کرتے دیکھتے تو انہیں بھی اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ترغیب ملتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں