روس یوکرین میں فتح حاصل کرے گا جیسے نازیوں کو ہرایا تھا, پیوٹن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین میں کامیابی کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے سوویت یونین نے دوسری جنگ عظیم میں نازیوں کو شکست دی تھی، ویسے ہی روس یوکرین میں فتح حاصل کرے گا۔یہ بیان انہوں نے ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر منعقدہ عظیم الشان فوجی پریڈ کے دوران دیا، جس میں چین کے صدر شی جن پنگ سمیت 24 سے زائد عالمی رہنما شریک ہوئے۔پریڈ میں 11 ہزار سے زائد فوجی شریک تھے جن میں 1,500 وہ اہلکار بھی شامل تھے جو یوکرین میں لڑ چکے ہیں۔ اس موقع پر جدید ٹینک، ڈرون اور دیگر فوجی ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔پیوٹن نے کہا: “روس ہمیشہ فاشزم، روسوفوبیا اور سام دشمنی کے خلاف ناقابل تسخیر دیوار بن کر کھڑا رہے گا۔”پیوٹن نے یوکرین میں روسی کارروائی کو “خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس مہم کو “ڈی نازیفیکیشن” کا نام دیا، جسے یوکرین اور مغربی ممالک نے مسترد کر دیا ہے۔