برطانوی حکومت کا جنسی جرائم میں ملوث افراد کو پناہ نہ دینے کا اعلان

لندن:برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئے بارڈر سیکیورٹی، اسائلم اینڈ امیگریشن بل کے تحت جنسی جرائم کا ارتکاب کرنے والے غیر ملکی شہری برطانیہ میں پناہ حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ہوم آفس نے کہا کہ کسی بھی جنسی جرم میں ملوث ہونے پر سزا پانے والے غیر ملکی کو پناہ گزین اسٹیٹس حاصل کرنے کی اہلیت سے محروم کر دیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے ریفوجی کنونشن کے تحت ممالک دہشت گردوں، جنگی جرائم میں اور “خاص طور پر سنگین جرم” کے مرتکب افراد کو پناہ دینے سے انکار کرنے کا حق رکھتے ہیں، برطانیہ میں سنگین جرائم انہیں قرار دیا جاتا ہے جن پر 12 ماہ یا اس سے زیادہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔
ہوم سیکرٹری نے کہا کہ جنسی مجرم جو کمیونٹی کے لیے خطرہ بنتے ہیں، انہیں برطانیہ میں بطور پناہ گزین تحفظ سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، ہم ان خوفناک جرائم کو سنجیدگی سے لینے کو یقینی بنانے کے لیے قانون کو مضبوط کر رہے ہیں۔