نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے عمران خان کی نامزدگی کے دعویٰ کو سیاسی چال قرار دے دیا

اوسلو: نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی نوبیل انعام کے لیے نامزدگی کی خبروں کو سیاسی چال قرار دے دیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ناروے میں مقیم پاکستانی ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے کیا گیا۔
نوبیل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، کرسٹیان برگ ہارپ ویکن نے ناروے کے ایک معروف اخبار میں مضمون لکھا، جس میں انہوں نے نامزدگی کے دعوے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ہارپ ویکن کا کہنا تھا کہ نامزدگی کے باضابطہ اعلان سے پہلے اس کا چرچا کر کے ناروے میں بسنے والے پاکستانی ووٹروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سیاسی رہنما کی نوبیل انعام کے لیے نامزدگی کو اس انداز میں استعمال کیا گیا، جس سے نوبیل انعام کے وقار پر اثر پڑا۔
ناروے کی سینٹر پارٹی نے حالیہ دنوں میں عمران خان کی امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزدگی کا اعلان کیا تھا، جس پر مختلف حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔
نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے واضح کیا کہ نوبیل انعام کی نامزدگی اور فیصلے کا ایک سخت ضابطہ کار ہوتا ہے، اور اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔