لندن میں برقی سب اسٹیشن میں آتشزدگی

لندن میں واقع دنیا کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ کو برقی سب اسٹیشن میں خوفناک آتشزدگی کے باعث آج دن بھر کے لیے بند کردیا گیا ہے، ایئرپورٹ کی بندش سے 1300 فلائٹس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ سے ملحقہ سب اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ سے ہیتھرو ایئرپورٹ کو بجلی کی شدید بندش کا سامنا ہے، مسافروں اور ملازمین کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ہیتھرو کو 21 مارچ کو 23 بجکر 59 منٹ تک بند رکھا جائے گا۔لندن فائر بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی لندن کے علاقے ہیز میں ایک برقی سب اسٹیشن کے اندر ایک ٹرانسفارمر میں آگ لگ گئی تھی، بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ بجھانے کی 10 فائر ٹینڈرز اور تقریبا 70 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے ایک بیان میں کہا کہ تقریبا 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور حکام نے احتیاط کے طور پر 200 میٹر کا محاصرہ قائم کیا ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ فائر فائٹرز نے آس پاس کی 29 عمارتوں سے 29 افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں جمعرات کی رات مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 23 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی اور عملے کے ارکان رات بھر موقع پر موجود رہے۔پیٹ گولبورن کا کہنا تھا کہ ’جیسے جیسے ہم صبح کے قریب بڑھیں گے، خلل بڑھنے کا خدشہ ہے اور ہم لوگوں پر زور دیتے ہیں کہ جس حد تک ممکن ہو اس علاقے کا رخ کرنے سے گریز کریں‘، حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔