برطرف ملازمین کی بحالی کا حکم، ٹرمپ اور ایلون مسک کی پالیسی کو دھچکا

کیلیفورنیا کی ایک وفاقی عدالت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ ہزاروں برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال کرے۔ جج ولیم السپ نے سان فرانسسکو میں ہونے والی سماعت کے دوران یہ فیصلہ سنایا، جو ٹرمپ اور ان کے اعلیٰ مشیر ایلون مسک کی جانب سے وفاقی اداروں میں بڑے پیمانے پر کی گئی برطرفیوں کے خلاف سب سے بڑا عدالتی دھچکا ثابت ہوا ہے۔عدالتی حکم کے مطابق امریکی محکمہ دفاع، محکمہ امورِ سابق فوجی، محکمہ زراعت، محکمہ توانائی، محکمہ داخلہ اور محکمہ خزانہ میں حالیہ ہفتوں میں برطرف کیے گئے ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے گا۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ امریکی دفتر برائے پرسنل مینجمنٹ (OPM) کے پاس ملازمین کو اجتماعی طور پر برطرف کرنے کا اختیار نہیں تھا اور ان کی برطرفی غیر قانونی تھی۔یہ مقدمہ امریکی وفاقی ملازمین کی تنظیم، مختلف غیر منافع بخش گروپس اور ریاست واشنگٹن کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ فیصلے کے بعد وفاقی ملازمین کی یونین کے صدر ایوریٹ کیلی نے اسے “عوامی خدمت کو نقصان پہنچانے والی پالیسی کے خلاف ایک بڑی جیت” قرار دیا۔