تعلیمی اداروں پرقبضےکالسانی بل مسترد،کراچی میں ڈمپر گردی بند ، آفاق احمد کی رہائی کامطالبہ

ہیوسٹن(خصوصی رپورٹ)کراچی میں ڈمپر گردی بند کرائی جائے، آفاق احمد کو فوری طور پر رہا کیا جائے، تعلیمی اداروں پر قبضے کیلئے جاری کئے گئے لسانی بل کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکی شہر ہیوسٹن میں فرینڈز آف کراچی کے اجلاس کا مطالبہ، اجلاس میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر بابر خان غوری کی خصوصی شرکت ۔فرینڈز آف کراچی ہیوسٹن کے صدر عارف عظیم اور سیکریٹری جنرل سید ارشد اقبال کی مشترکہ صدارت میں فرینڈز آف کراچی کے عہدیداروں اور ارکان کا خصوصی اجلاس مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا، اجلاس میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر بابر خان غوری، شکیل خان، امتیاز احسن، خرم زئی، عامر احمد خان، ناصر غالب، ندیم شیخ، امجد قائم خانی، جمیل صدیقی، عابد نقوی، شعیب محمد خان، عارف رئوف اور دیگر فعال ممبران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر بابر خان غوری نے کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں سندھ حکومت کی بدانتظامی کے باعث شہریوں کے جان و مال کے نقصانات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈمپر اور ٹینکر مافیا کو لگام دینے میں ناکام ہوچکی ہے، بابر خان غوری کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے بجائے مسائل پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگا کر مقدمات درج کئے جارہے ہیں، انتظامی معاملات درست کرنے کے بجائے آفاق احمد کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے متنازعہ تعلیمی بل کی یکطرفہ طور پر سندھ اسمبلی سے منظوری کو مسترد کرتے ہوئے کالے قانون کی مذمت کی، اجلاس کے شرکاء نے آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیوسٹن کی طرح امریکہ اور کینیڈا کے دیگر شہروں میں بھی فرینڈز آف کراچی کے اجلاس منعقد کرکے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔