افغان طالبان کی کالعدم ٹی ٹی پی کی مدد کے باعث پاکستان میں حملے بڑھ رہے ہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان بدستور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی مدد کررہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردانہ حملے بڑھ رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کی افزائش اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی جس میں دہشت گردی، افغانستان کے کرداراور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی اعلی کارکردگی کا ذکر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان میں دو درجن سے زائد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں، یہ گروہ نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج بن چکے ہیں، افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد سے، دہشت گرد گروپوں کے اثرات مزید بڑھ گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ داعش کی افغانستان میں بڑھتی کارروائیاں اور افغان طالبان کی معاونت خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان میں اپنی کارروائیاں پھیلانے کی کوشش کرتے ہوئے، داعش خراسان کو ایک اہم دھچکا لگا، پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے داعش خراسان کی بیرونی آپریشنز برانچ کو ناکام بنادیا۔اس میں کہا گیا کہ پاکستان سکیورٹی فورسز نے داعش کے کے اہم دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا، ان میں عادل پنجشیری، ابو منذر اور کاکا یونس شامل تھے۔