دستور اور جمہوریت سے بےنیاز ہوکر نظمِ ریاست چلانے پر ملک بحرانوں کی لپیٹ میں آیا، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے اور عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور مرکز میں مضبوط حکومت سازی کا آئینی و جمہوری حق دینے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصان بیرسٹر گوہر خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل دستور کی مکمل بالادستی اور جمہوری اقدار و روایات کے ازحد احترام سے جڑا ہے، دستورِمملکت اقتدار و اختیار کی ملکیّت عوام کو سونپتا ہے جو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے یہ اختیار بروئے کار لاتے ہیں، ریاست اور عوام کے مابین اس مقدس رشتے کو نیچا دکھا کر بطور ریاست ہمارے لیے کسی بھی خیر کی توقع عبث ہے۔تاریخ گواہ ہے جب بھی دستور اور جمہوریت سے بےنیاز ہوکر نظمِ ریاست چلانے کی کوشش کی گئی، ملک بحرانوں کی لپیٹ میں آیا اور حادثات نے ہماری دہلیز پر دستک دی، آج بطور ریاست ہم جس مقام پر کھڑے ہیں وہ ہم سے نہایت سنجیدگی اور ہوش مندی کا متقاضی ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جھوٹے، من گھڑت اور جعلی مقدمات میں جیل میں ناحق قید کیا گیا،تحریک انصاف سے بلّے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا، تحریک انصاف کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی اور قدم قدم پر آئین و قانون کی دھجیاں اڑا کر انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔